مدرسہ کنز العلوم رحمانیہ گریا کا ششماہی امتحان بحسن خوبی اختتام پذیر
امتحان سے طلبہ اور طالبات کی خوبیاں نکھر کر سامنے آتی ہیں : مفتی عبدالوارث القاسمی
ہندونیپال کی سرحدپر واقع دینی تعلیمی وتربیتی ادارہ” مدرسہ کنزالعلوم رحمانیہ گریا ضلع ارریہ بہار میں تعلیمی سیشن2024-25 ء کاششماہی امتحان گذشتہ دنوں بد عنوانی سے پاک اور صاف شفاف ماحول میں اختتام پذیر ہوگیا۔ مدرسہ کنزالعلوم رحمانیہ گریا کے ناظم مفتی عبدالوارث القاسمی صاحب نے تحریری بیان میں بتایا کہ مدرسہ ہذا کے زیر اہتمام سال میں دوبڑے امتحانات کرائے جاتے ہیں، ایک ششماہی دوسرا سالانہ، علاوہ ازیں ماہانہ ٹیسٹ بھی لیاجاتا ہے۔ آپ نے مزید بتایا کہ شوال سے لے کر اب تک طلبہ و طالبات نے جو کچھ پڑھا ہے، اس کا پرسکون اور بد عنوانی سے پاک ماحول میں امتحان لیا جاتا ہے، تاکہ کمیوں اور کمزوریوں کو دیکھ کر اس کی اصلاح کی کوشش کی جا سکے اور معیار تعلیم میں مزید نکھار پیدا کرنا، ممکن ہوسکے۔ مزید معلومات فراہم کراتے ہوئے مفتی عبدالوارث القاسمی صاحب نے فرمایا کہ مدرسہ کنزالعلوم رحمانیہ گریا ضلع ارریہ میں ابتدائی دینیات سے عربی دوم تک کی معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ عمدہ تربیت سے بھی طلبہ وطالبات کو مزین کیا جاتا ہے، آپ نے اس کی بھی وضاحت کی کہ ہمارے اس ادارہ میں خصوصا درجہ حفظ کی تعلیم کا معیار بہت بلندہے، مجموعی طور پر تقریبا ساڑھے پانچ سو طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں جن میں سے (260) طلبہ دارالاقامہ میں قیام و طعام کے ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ بشمول درجہ عربی وفارسی اور درجہ حفظ، تمام طلبہ درجہ اول تا درجہ ہفتم میں داخل ہیں، ہر درجہ میں نصاب کے مطابق تعلیم دی جاتی ہے،اس ادارہ میں زیرتعلیم تمام طلبہ وطالبات کو جہاں قران وحدیث اور عربی وفارسی کی تعلیم دی جاتی ہے، اس کے ساتھ ہی، اردو، ہندی، انگریزی اور حساب کم ازکم ان چار مضامین کا پڑھنا لازم ہوتا ہے، اور ششماہی وسالانہ امتحانات میں ان چاروں مضامین کا امتحان تحریری لیا جاتا ہے۔ جس سے طلبہ کے اندر ایک شوق اور جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ مزید آگے کی تعلیم کے لئے جہاں بڑے اداروں کے امتحانات میں شرکت کے واسطے حوصلہ ملتا ہے اس کے ساتھ ہی بورڈ کے امتحانات کے لئے بھی عملا مشق ہو جاتا ہے اورطلبہ خوداعتمادی کے ساتھ بورڈ کے امتحانات میں شریک ہوکر کامیابی حاصل کرتے ہیں۔ آخر میں مفتی عبدالوارث القاسمی نے بتایا کہ ششماہی وسالانہ امتحانات میں شریک طلبہ وطالبات کو جہاں دعاؤں کا نذرانہ ملتا ہے، وہیں انہیں تشجیعی انعامات سے بھی نوازہ جاتا ہے۔ خصوصا اپنے اپنے کلاسوں میں اول، دوم اور سوم پوزیشن لانے والے طلبہ وطالبات کی خصوصی کامیابی پرگراں قدر انعامات سے ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ الحمد للہ امتحانات مکمل ہو چکے ہیں، اب کاپیوں کی جانچ ہوگی، نتائج آنے کے بعد ان شاء اللہ کامیابی سے ہمکنار طلبہ وطالبات انعامات سے نوازے جائیں گے۔ اس امتحان کے انعقاد میں جملہ مراحل کے انتظامات کو بحسن وخوبی انجام دینے کے لئے جملہ مدرسین کرام سمیت ناظم امتحان مولانا عبدالکریم قاسمی، حافظ محمد حسین، حافظ توحید عالم، حافظ محمد جابر عالم، حافظ محمد قربان علی، مولانا محمد شمس تبریز اورحافظ محمد مطلب صاحبان نے بھرپور تعاون اور اہم کردار ادا کیا، آخر میں مفتی عبدالوارث القاسمی صاحب نے اپنی دعاء سے نوازتے ہوئے کہا فجزاہم اللہ خیرالجزاء۔اللہ تعالی تمام حضرات کونعم البدل عطا فرمائے اور تمام طلبہ وطالبات کو علم و عمل کی دولت سے مالا مال فرمائے (آمین)