رفیق محترم جناب حضرت مولانا مفتی محمد انعام الباری قاسمی صاحب دامت برکاتہم کی عیادت کے لئے بتاریخ 3 ربیع الاول 1447ھ مطابق 27 اگست 2025ء بروز بدھ بعد نماز عصر چکردہ رجوکھر حاضری ہوئی ۔ دعاء سلام کے بعد خبر خیریت دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ ماشاءاللہ بہت ہی تیزی کے ساتھ روبصحت ہیں ،

رفیق محترم جناب حضرت مولانا مفتی محمد انعام الباری قاسمی صاحب دامت برکاتہم کی عیادت
رفیق محترم جناب حضرت مولانا مفتی محمد انعام الباری قاسمی صاحب دامت برکاتہم کی عیادت

 دراصل 13/اگست کو ہی موصوف پر یہ اٹیک ہوا تھا جس کے بعد سے آپ مسلسل زیرعلاج ہیں۔ آپ نے اپنے ہاتھ سے مکمل ایک صفحہ لکھا ہوا بھی دکھلایا ، دیکھ کر خوشی ہوئی کہ آپ کی صحت لوٹ رہی ہے ، متعدد الفاظ و دعائیہ جملے بھی بروقت لکھ کر دکھلائے ، اگرچہ قلم پر گرفت مضبوط نہیں ہوئی ہے لیکن جہاں دستخط کرنا ممکن نہ تھا اب ماشاءاللہ ایک صفحہ لکھ رہے ہیں

پھر اس کے بعد ساتھ میں کھانا بھی کھائے ازراہ محبت میں نے پہلا لقمہ کھلایا باقی آپ نے خود سے لقمہ اٹھا کر اور کھاکر دکھلایا ،

لہذا اللہ ارحم الراحمین کی ذات سے قوی امید ہے کہ آپ جلد ہی شفاء یاب ہوجائیں گے ۔ ان شاءاللہ

محترم جناب مولانا مفتی محمد انعام الباری قاسمی صاحب دامت برکاتہم العالیہ ایک زبردست باصلاحیت ، خوش مزاج بااخلاق، نیک سیرت وصالح فکر وخیال ، متحرک اور فعال عالم دین وفاضل جلیل ہیں ، آپ فراغت کے بعد ہی سے تقریبا دس سال تک دارالعلوم رحمانی منورنگر زیرومائل ارریہ کے مسند درس وتدریس کی زینت ، اور شعبہ عربی کے ایک کامیاب مدرس رہے ہیں ۔ اس کے بعد غالبا 2011 سے شہر ارریہ کا معروف ، قدیم ترین اور بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ و حکومت بہار سے منظور شدہ ادارہ ، مدرسہ اسلامیہ یتیم خانہ ارریہ کے معاون استاذ ہیں ، ساتھ ہی مدرسہ تنظیم المسلمین رجوکھر عیدگاہ کے خستہ شدہ ڈھانچہ میں نشأۃ ثانیہ کے ذریعہ نئی روح پھونکنے والے اور اپنے خون جگر سے سینچنے والے ایک مخلص اور بےلوث ناظم ومنتظم بھی ہیں ۔

آپ 2008 سے ہی جمعیۃ علماء ضلع ارریہ کے رکن اساسی اور بےلوث خادم رہے ہیں اس وقت آپ جمعیۃ علماء ضلع ارریہ کے سکریٹری کے عہدے پر فائز ہیں ، نیز رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ ضلع ارریہ کے نائب صدر ہیں اور اپنی بےلوث خدمات سے امت کو فیض پہونچارہے ہیں ۔

آپ کی نیک بختی و سعادت مندی کا ایک زریں باب ، اور آپ کی حصولیابیوں کے آسمان پر ایک روشن ستارہ اس وقت نمودار ہوا جب کہ آپ نے ضلع بھر کے علماءکرام ،دانشوران اور مہمانوں کے ایک جم غفیر کی موجودگی میں بقیۃ السلف عارف باللہ حضرت اقدس الحاج مولانا محمد انوارعالم صاحب دامت برکاتہم العالیہ ناظم عمومی دارالعلوم بہادرگنج کے دست مبارک سے دو اداروں کی بنیاد رکھوائی (1) اے پی جے عبدالکلام ریسرچ اکیڈمی (2) جامعہ دارارقم للبنات چکردہ مذکوری پوسٹ رجوکھر ضلع ارریہ بہار

میں اپنی بے پناہ مصروفیات کے سبب ، سنگ بنیاد کے بعد سے ہی اب تک دوبارہ نہیں جاسکاتھا

کل جب عیادت کے لئے چکردہ جانا ہوا تو واپسی پر تھوڑی دیر کے لئے نومولود ادارہ جامعہ دارارقم للبنات چکردہ مذکوری رجوکھر میں بھی حاضری ہوئی ، تعمیرات دیکھ کر کافی مسرت وشادمانی ہوئی کہ ماشاءاللہ جامعہ دارارقم للبنات کا تعمیراتی کام کافی حد تک ہوچکاہے مجوزہ نقشہ کے مطابق پہلی منزل مکمل ہوچکی ہے جب کہ دوسری منزل زیر تعمیر ہے ، ادارہ میں ابھی تعلیم کا آغاز نہیں ہوا ہے اس کے باوجود تعمیراتی کام اتنی تیزی کے ساتھ تکمیل کی طرف رواں دواں ہے یہ

بانی موصوف کی جانفشانی ، عرق ریزی اور جہد مسلسل کا بین ثبوت ہے۔

دعاء ہے کہ اللہ تعالی حضرت مفتی صاحب کو شفاء کاملہ عاجلہ مستمرہ دائمہ نصیب فرمائے اور صحت وعافیت کے ساتھ عمر طویل نصیب فرمائے آمین یارب العالمین

والسلام

 مفتی عبدالوارث القاسمی

 ناظم مدرسہ کنزالعلوم رحمانیہ گریا ضلع ارریہ

WhatsApp
Facebook
Telegram

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *